حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے شہر مشہد مقدس میں مجلس نظارت دفتر قائد ملت جعفریہ مشہد مقدس کا رسمی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں نمائندہ ولی فقیہ و قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے خصوصی شرکت کی اور مجلس نظارت کے اراکین سے تفصیلی ملاقات کی۔
اجلاس میں مدیر دفتر قائد ملت جعفریہ مشہد مولانا سید نجم الحسن جعفری، سابق مدیر دفتر قائد مولانا موسیٰ رضا نقوی، دبیر مجلس نظارت مولانا سید عقیل حیدر زیدی، مولانا فیاض حسین عرفانی (پنجاب)، مولانا الفت حسین ساقی (پنجاب)، عابد حسین مقدسی (بلتستان)، مولانا غلام رسول مخلصی (بلتستان)، مولانا غلام مرتضیٰ جعفری (روندو)، مولانا سید مرتضیٰ حسین نقوی (لاہور) اور مولانا عمران حیدر سعیدی (جھنگ) شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران قائد ملت جعفریہ پاکستان کو مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بالخصوص مشہد مقدس میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلاب کو درپیش اقامتی مسائل، تحصیلِ علم کے حوالے سے پیش آنے والی دشواریوں کے سدباب، تبلیغی سرگرمیوں اور اس سلسلے میں درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں اراکین مجلس نظارت نے مختلف شعبوں کی کارکردگی، جاری سرگرمیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل سے بھی قائد ملت جعفریہ کو آگاہ کیا گیا جبکہ قائد ملت جعفریہ نے تمام معاملات پر رہنمائی کرتے ہوئے پاکستانی طلاب کی علمی، دینی اور فلاحی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور تبلیغی میدان میں مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کے اختتام پر دینی و تعلیمی خدمات کے فروغ، پاکستانی طلاب کی مشکلات کے حل، باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور تبلیغی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی بھی اجلاس میں شریک تھے اور انہوں نے مختلف انتظامی و تنظیمی امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔









آپ کا تبصرہ